اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) ق لیگ کے سینئر رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب میں امن و امان کا بیڑہ غرق کر دیا، بادامی باغ واقعہ پنجاب حکومت کی نا اہلی ہے، پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کی بجائے خود ساختہ خادم اعلیٰ ذمہ داری قبول کریں اور خود کو معطل کریں۔ وہ اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں چکوال سے مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ سینکڑوں افراد نے پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ میں شامل ہونیوالوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اپنے دور میں پورے پنجاب میں عوام کی بے لوث خدمت کی، سکولوں، سڑکوں، صحت مراکز کے جال بچھائے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال کے عوام نے انہیں محبت دی اس لیے میں نے چکوال سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج ترقی کے تمام نشانات ہمارے دور کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آئندہ منتخب ہو کر عوام کی کیا خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور 1122 جیسے منصوبے ہمارے دور کی پرجوش ترقی کا زندہ ثبوت ہیں۔ دوسری جانب میاں شہباز شریف کی ترقی دیے گے ان کی ترقی کا پہیہ الٹا چلتا رہا جہاں ہم نے ہسپتال بنائے پنجاب حکومت ہسپتالوں کی مشینیں اٹھا کر لے گئی یہاں تک کہ ہسپتال ہی بند ہو گئے اور ن لیگ کے مقامی نمائندوں کو اس اقدام پر شہباز شریف کے سامنے احتجاج کرنے کی بھی جرا¿ت نہیں ہوئی، ہمارے ترقیاتی منصوبے حقائق ہیں جو زمین پر موجود ہیں موقع ملا تو انشاءاللہ ترقیاتی منصوبے ڈبل کر کے دکھائیں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے لاہور، اسلام آباد موٹروے پر چکوال کے لوگوں کی سہولت کیلئے نیلا انٹرچینج تعمیر کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا اور کہا کہ نیا انٹرچینج کا پی سی ون منظور کرا لیا گیا ہے جلد اس پر کام شروع ہو جائے گا۔
بادامی باغ واقعہ نااہلی ہے، شہباز شریف خود کو معطل کریں: پرویز الٰہی
Mar 13, 2013