لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت جانچنے کیلئے ہر اقدام کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتے ہیں لیکن ایسے ادارے جن کا اپنا کردار مشکوک ہو، ان کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھنا ایک فطری امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی اب تک کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ نیب وفاقی حکومت کا وہ ادارہ ہے جس پر خود وزیراعظم کو بھی اعتماد نہیں اور اس کا اظہار وہ سپریم کورٹ کو لکھے گئے خط میں بھی کر چکے ہیں۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ نیب کو پنجاب کے ترقیانی منصوبوں کی شفافیت جانچنے سے پہلے عوام کو یہ بھی بتانا چاہئے کہ اس نے کرپشن کے گڑھ وفاق اور دیگر صوبوں کے کتنے ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کی یا اب تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ مبالغہ آرائی نہیں بلکہ حقیقت ہے کہ وفاقی حکومت گھٹنوں گھٹنوں کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے اور دیگر صوبوں میں کرپشن کی کہانیاں بھی زبان زدعام ہیں۔