اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے بیوروکریٹس کو ٹاسک دینا سمجھ سے بالاتر ہے، اپوزیشن لیڈر کے طور پر وزیراعظم نے وعدے کے باوجود ابھی تک مشاورت نہیں کی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہوئی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے عمران خان کو اعتماد میں لیا ہے۔ نئی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے۔ کیا اس کمیٹی کی رپورٹ پر ایک اور نئی کمیٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے امن آ سکتا ہے تو اس کا خیرمقدم کریں گے۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا امجد خان نے عمران خان کو حکومت کی ’’اے پلس ٹیم ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کو مک مکائو کا طعنہ دینے والے عمران خان خود کیا کر رہے ہیں۔ مولانا امجد نے کہاکہ عمران خان کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آ گیا ہے اور اپنی خیبر پی کے حکومت بچانے کیلئے اندر کھاتے حکومت سے مک مکا کر رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین نے وزیراعظم محمد نواز شریف اورپی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی ملاقات کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے خیال میں دونوں رہنمائوں کی ملاقات سے ملک میں امن کی خاطر مثبت اور بہتر پیش رفت ہو گی۔دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور عمران خان کی ملاقات خوش آئند ہے۔ طالبان سے مذاکرات ہی مؤثر آپشن ہے۔
وزیراعظم نے مشاورت نہیں کی: خورشید شاہ، تحریک انصاف طالبان کی بی ٹیم ہے: حاجی عدیل
Mar 13, 2014