کوالالمپور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ملائشین حکام نے لاپتہ مسافر طیارے کی تلاش کیلئے جادوگر بلا لئے نجی ٹی وی کے مطابق دنیا بھر کی ٹیکنالوجی انتہا پر ہونے کے باوجود لاپتہ طیارے کا سراغ نہ مل سکا حکام نے جادوگر بلالئے جو اپنی مختلف رسمیں ادا کر رہے ہیں۔ جادوگروں کا کہنا ہے کہ ان کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا ہے جس کا مطلب ہے کہ طیارہ پرواز میں ہے یا پھر سمندر میں گر کر تباہ ہو چکا ہے۔ ملائیشیا کی فضائیہ کے سربراہ رود ضالی دائود نے اپنے حوالے سے جاری ہونے والے اس بیان کی تردید کی ہے کہ ملائیشیا ایئر لائن کا لاپتہ ہونے والا مسافر طیارہ اپنے متعین راستے سے ہٹ کر ملکا آبنائے کی جانب روانہ تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق رودضالی داؤد نے کہا کہ مقامی میڈیا میں آنے والی اس حوالے سے اطلاعات درست نہیں ہیں تاہم اس بات کا امکان ضرور ہے کہ طیارے نے اپنا راستہ واپس کے لیے تبدیل کیا ہو۔ملائیشین ائرلائن کے طیارے کو غائب ہوئے پانچ روز ہوگئے ہیں جسے ڈھونے کیلئے 9 ممالک کی ٹیمیں مصروف ہیں تاہم جدید ٹیکنالوجی کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ۔رپورٹ کے مطابق 239 مسافروں کو لے کر ملائیشین ائرلائن کے طیارے نے کوالالمپور سے بیجنگ کی جانب پرواز بھری تھی تاہم ابھی تک طیارے بارے کوئی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔