برسلز (این این آئی) کشمیری طلباء کو بھارتی یونیورسٹیوں سے بے دخل کئے جانے کے خلاف یورپی پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے کی قیادت کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر علی رضا سید نے کہا کشمیری طلباء کیخلاف بھارتی رویہ قابل مذمت ہے، یہ اقدام دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت کے چہرے پر بدنما داغ کے مانند ہے۔ پاکستان کی فتح کا منایا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری عوام اپنی سرزمین پر بھارت کے تسلط کو ہرگز تسلیم نہیں کرتے اور وہ ہرصورت میں اپنے وطن کی آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیری بھارت کے ساتھ نہیں رہ سکتے لہذا بھارت کو انہیں آزاد کرنا ہو گا۔