اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اعلیٰ عسکری کمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسلح افواج ملک کی سیاسی قیادت کی واضح کردہ پالیسی کے تحت تشکیل دی گئی جامع حکمت عملی کے مطابق دہشت گردی کی لعنت کا سدباب کرینگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ سٹاف کمیٹی کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا۔ یہ اجلاس چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی زیرصدارت جوائنٹ سٹاف ہیڈکواٹرز میں ہوا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندھیلہ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ سیکرٹری دفاع، سیکرٹری دفاعی پیداوار اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی اعلیٰ عسکری قیادت مسلح افواج کی حربی تیاری کے معیار اور نوعیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ شرکائے اجلاس نے ملکی سلامتی کی صورتحال اور علاقائی حالات کا جائزہ لیا۔ شرکا نے ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی تیاری کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔