لاہور (نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار زندگی درہم برہم شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈونگہ بونگہ میں موسم تبدیل ہونے کے باوجود بجلی کی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری لوگوں کا کاروبار زندگی درہم برہم عوام پریشان، مزدور فاقہ کشی کا شکار ہوگئے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق واپڈ ا کی جانب سے قصور اور گردونواح میں نماز فجر کے ٹائم بجلی لوڈ شیڈنگ عوام کیلئے درد سر بن گئی، شہری سراپا احتجاج۔ شہریوں کا کہنا ہے نماز فجر کے ٹائم بجلی نہ ہو نے کی وجہ سے وضو کیلئے پانی بھی موجود نہیں ہو تا ہے گھروں اور مسجدوں میں پانی کے ساتھ ساتھ اندھیرے کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اندھیرا ہونے سے شہری گھر سے مسجد میں جانے سے ڈرتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے خدارا واپڈا کے ایسے ظلم کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔علاوہ ازیں وہاڑی میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری بار بار ٹرپنگ سے عوام کی لاکھوں روپے مالیت کی اشیاءجل گئیں جس سے عوامی سماجی اور شہری حلقوں عرفان علی، محمد حسین عثمان علی، جماعت احمد، اظہر اسلام شیخ اسلم جاوید انور سمیت دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
لوڈشیڈنگ