وفاقی وزیر برجیس طاہر کا سانگلہ میں 40 ایکڑ پر محیط ہل پارک کا افتتاح

سانگلہ (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ سیروتفریح کی بھی بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات سانگلہ ہل میں 40 ایکڑ رقبے پر محیط ہل پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف ملک میں ایسی ترقی کاوژن رکھتے ہیں جس سے پاکستانی قوم کے تمام عام وخاص، مرد وخواتین اور بچے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ توانا اور صحتمند معاشرے کی تعمیر کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ انکی ذہنی اور جسمانی نشوونما کیلئے سیر و تفریح کے بھرپور مواقع بھی فراہم کئے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سانگلہ ہل شہر میں ہل پارک کی تعمیر وزیراعظم نوازشریف کے اسی وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کے تحت 40 ایکڑ کے کثیر رقبے پر سانگلہ ہل اور گردونواح کے عوام کی سیروتفریح کیلئے 14 کروڑ روپے کی لاگت سے یہ پارک تعمیر کیا گیا ہے اور جس کا افتتاح وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کیا تھا۔ برجیس طاہر نے کہا کہ ہل پارک کی تعمیر اس علاقے کیلئے ایک نادر تحفہ ہے اور لاہور تا فیصل آباد تک ایسے پارک کی مثال نہیں ملتی۔
برجیس طاہر

ای پیپر دی نیشن