افغانستان ڈرون حملہ فورسز کی کاروائیاں 7 پاکستانی جنگجووں سمیت 93عسکریت پسند ہلاک

Mar 13, 2017

کابل (آئی این پی) افغانستان میں امریکی ڈرون حملوں اور سکیورٹی فورسز سمیت داعش اور طالبان کے 93شدت پسند ہلاک اور 66زخمی ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کی گاڑیوں اور اسلحہ کو بھی تباہ کردیا گیا۔ اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملوں میں 7 پاکستانیوں سمیت داعش کے 16جنگجو ہلاک ہوگئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ضلع نازیان میں ڈرون حملو ں کا سلسلہ ہفتے کو شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا‘ ہلاک ہونیوالوں میں 7پاکستانی جنگجو بھی شامل ہیں۔ حملوں میں عسکریت پسندوں کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہوگیا۔ ادھر جنوبی صوبہ ہلمند میں افغان اور غیر ملکی فورسز کے فضائی آپریشن میں 31طالبان جنگجو مارے گئے ۔ فضائی کاروائی صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ،نادعلی اور گرامسر میں کی گئی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ11عسکریت پسند اس وقت مارے گئے جب افغان فورسز نے انھیں لشکرگاہ کے علاقے بولان ماندوائی میں نشانہ بنایا اس دوران 3جنگجو زخمی بھی ہوئے۔ ضلع نادعلی میں آپریشن کے دوران 8 طالبان جنگجو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران نادعلی کے کئی علاقوں کو کلیئر کرالیا گیا اور دیسی دھماکہ خیز مواد کو تباہ کردیا گیا۔ دوسری جانب صوبہ فرح میں افغان فورسز کی زمینی اور فضائی کاروائیوں میں 46 طالبان جنگجو ہلاک اور57زخمی ہوگئے۔ صوبائی پولیس چیف عبدالمعروف فولاد کا کہنا ہے کہ آپریشن ضلع بالبولوک کے مختلف دیہاتوں میں کیا گیا ۔ فرح صوبے میں بھی مسلح جنگجوﺅں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا جبکہ انکی5 گاڑیوں اور اسلحہ کو بھی تباہ کردیا گیا ۔آپریشن کے دوران افغان نیشنل آرمی کا ایک اہلکار ہلاک اور2دیگر زخمی ہوگئے ۔
افغانستان

مزیدخبریں