نئی دلی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) بھارت میں 5ریاستوں میں انتخابات کے بعد حکمران پارٹی بی جے پی نے 3 ریاستوں میں حکومت بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی جے پی نے سب سے زیادہ سیٹیں اترپردیش اور اتر کھنڈ میں حاصل کیں جبکہ گوا میں چار سیٹوں کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہی۔ تاہم امکان ہے بی جے پی گوا میں دوسری پارٹیوں سے اتحاد کر کے حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ صباح نیوز کے مطابق بھارتی ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا نے ریاستی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے اب ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر بہت جلد ہو جائے گی۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ ہریش روات نے ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا رام کا وانواس اب ختم ہو گیا۔ حالیہ دنوں میں مقامی انتخابات کے دوران دونوں دوست پارٹیوں کے تعلقات میں کڑواہٹ پیدا ہوئی اور سینا نے اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بنانے کا کوئی موقع نہیں گنوایا۔ روات نے کہا پانچ اسمبلی انتخابات کے نتائج آگئے۔ ہم بی جے پی کی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم وزیراعظم نریندر مودی کو بھی ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہونے والے انتخابات میں 25مسلمان امیدوار بھی کامیاب ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کامیاب مسلمان امیدواروں میں سے کسی ایک کا تعلق بھی بھارتیہ جنتا پارٹی سے نہیں کیونکہ بی جے پی نے یو پی میں سے کسی ایک بھی مسلمان کو اپنا امیدوار نہیں بنایا تھا۔ یوپی میں مختلف سیاسی جماعتوں نے 200مسلمان امیدواروں کو انتخابی اکھاڑے میں اتارا تھا۔ اتر پردیش کی بڑی سیاسی جماعتوں میں سے سماج وادی پارٹی سے 18 ، بی ایس پی سے 5 اور کانگرس سے دو مسلمان امیدوار جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ ان مسلمان امیدواروں کی کامیابی کے باوجود ان میں سے کوئی ایک بھی ریاستی حکومت میں شامل نہیں ہو گا اور ایک مرتبہ پھر اتر پردیش حکومت میں مسلمانوں کی نمائندگی کرنے والا کوئی ممبر نہیں ہو گا، جس کی وجہ سے مسلمانوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوئی ہے۔
اتر پردیشن/ مسلمان
بی جے پی کا 3 ریاستوں میں حکومت بنانے کا دعویٰ
Mar 13, 2017