امریکہ نے یہودی آباد کاری کے سرپرست کواسرائیل میں نیاسفیر مقرر کردیا

مقبوضہ بیت المقدس (اے این این)امریکی کانگریس نے یہودیوں کے سرپرست، اسرائیل کے بہی خواہ اور فلسطین میں غیر قانونی یہودی آباد کاری کے سہولت کار ڈیوڈ فریڈ من کو صہیونی ریاست میں امریکہ کا نیا سفیر مقرر کردیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز امریکی کانگریس میں ڈیوڈ فریڈ مین کو اسرائیل میں سفیر مقرر کرنے کی تجویز پر رائے شماری کی گئی۔ اس موقع پر ری پبلیکن پارٹی کے تمام ارکان اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک رکن نے ڈیوڈ فریڈ من کو اسرائیل میں سفیر تعینات کرنے کے حق میں ووٹ دیا، جس کے بعد فریڈ مین کو صہیونی ریاست میں امریکہ کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوڈ فریڈ من کا شمار فلسطین، اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کے سخت خلاف ہیں۔ انہوں نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری کی توسیع اور وہاں پر یہودیوں کے مذہبی سکولوں کے قیام کیلئے اسرائیلی تنظیموں کو خطیر رقوم بھی فراہم کی تھیں۔حال ہی میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا تھا کہ اسرائیل کیلئے نامزد امریکہ کے نئے سفیر ڈیوڈ فریڈ من فلسطینیوں کی نجی اراضی پر یہودی آباد کاری میں ملوث رہے ہیں۔ فریڈ من کے فراہم کردہ مالی تعاون سے اس وقت غرب اردن میں ایک مکان بھی موجود ہے جس کے باہر نصب ایک تختی پر اس کا نام بھی موجود ہے۔ ڈیوڈ فریڈ من نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم بیت ایل یہودی کالونی میں مکانات کی تعمیر میں مالی تعاون فراہم کیا تھا۔ یہ کالونی فلسطینیوں کی نجی اراضی پر تعمیر کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن