اسلام آباد: ڈیرے پر فائرنگ سے 19 سالہ ڈانسر قتل‘ ملزم گرفتار

Mar 13, 2017

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقہ چٹھہ بختاور عباسی ٹائون میں 19 سالہ ڈانسر کو گن مین نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس نے مقتولہ کی نعش پمس ہسپتال منتقل کردی۔ ایس ایچ او حاکم خان نیازی نے بتایا کہ چٹھہ بختاور میں عباسی ٹائون کے مالک سردار شفقت کے ڈیرے پر فنکارہ کو پروگرام کیلئے بلوایا گیا‘ لیکن اسے عباسی ٹائون کے مالک کے گن میں شیر بہادر نے کلاشنکوف سے فائرنگ کرکے قتل کردیا جس کی گردن پر دو گولیاں لگیں جبکہ پولیس نے گن مین کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ تاحال مقتولہ کی شناخت نہیں ہوسکی نہ ہی یہ سبب سامنے آیا ہے کہ اسے قتل کیوں کیا گیا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ امکان ہے کہ لڑکی کو ڈانس کیلئے لایا گیا تھا جبکہ گن مین کا کہنا ہے کہ اس نے بدتمیزی کرنے پر فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا جبکہ پولیس اس قتل کیس کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لے رہی ہے۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ یہ بھی تاحال طے نہیں کہ مقتولہ سٹیج فنکارہ تھی یا نہیں‘ تاہم تفتیش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں