ترکی میں اغوا نوجوانوں کے اہلخانہ نے ایف آئی اے کو موبائل اورسوشل میڈیا ریکارڈدے دیا

Mar 13, 2017

لاہور (این این آئی) ترکی میں اغوا ہونے والے پاکستانی نوجوانوں کے اہلخانہ نے ایف آئی اے کو موبائل اور سوشل میڈیا کا ریکارڈ فراہم کر دیا‘ اغوا کاروں کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں چند گھنٹے رہ گئے جس کے باعث اہل خانہ کی پریشانی بڑھ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے چک بیلی اور گوجر خان سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کو ترکی میں تاوان کیلئے اغوا کرلیاگیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے متاثرہ خاندانوں سے سوشل میڈیا ریکارڈ، اغوا ء کاروں کی طرف سے کالزکاریکارڈ اور دھمکیوں سے متعلق تمام ڈیٹا حاصل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اغوا ء کاروں کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن کی مدت ختم ہونے والی ہے۔ مطالبہ ہے کہ اس کا حکومتی سطح پرنوٹس لیا جائے اور ہمارے بچوں کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اغوا کار مسلسل دھمکی آمیز کالز اور پیغامات بھیج رہے ہیں۔

مزیدخبریں