پشاور (نوائے وقت نیوز) خیبر پی کے کے انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ فورسز کی قربانیوں کی بدولت پُرامن دن دیکھ رہے ہیں ، پہلے روز جنازے اٹھاتے تھے اب حالات بہتر ہوگئے ہیں۔ آئی جی ناصر درانی نے ریٹائرمنٹ سے پہلے اپنے آخری دربار سے خطاب میں کہا ضرب عضب میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے اہم ٹھکانوں کو تباہ کیا۔ فاٹا میں آپریشن سے اہم دہشت گرد فرار ہوکر صوبے میں داخل ہوئے جو پولیس کیلئے چیلنج تھا۔ گزشتہ دو برسوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 1ہزار 192دہشتگرد پکڑے۔ ان کا کہنا تھا پولیس مہارت میں کمی تھی جو تربیت سے پوری کردی ہے۔ خیبرپی کے کی پولیس کا نظام دوسرے صوبوں سے بہت بہتر ہے۔ ہمارے سسٹم کو دنیا میں بطور نمونہ پیش کیا جاتا ہے،مجھے بہادر فورس کی کمان کرنے پر بجاطور پر فخر ہے۔ ناصر درانی کا مزید کہنا تھا تنگی میں دہشت گردی کے واقعے کے دوران پولیس کے جوانوں نے بے مثال بہادری کا ثبوت دیا، کسی بھی سرکاری ملازمت میں کے پی پولیس کو سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ دلیری اور بہادر ی ہمارے ہر جوان کے خون میں ہے۔