سمندری :بس کی کیری ڈبہ کو ٹکرماں 2بیٹوں سمیت 4 افراد جاں بحق

سمندری/وہاڑی/ چنیوٹ/ کلرکہار / گوجرانوالہ /کامونکے (نامہ نگاران+ اے این این) سمندری کے قریب بس کی ٹکر سے کیری ڈبہ سوار ماں، دو بیٹوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ وہاڑی چنیوٹ، کامونکے اور کلرکہار میں ٹریفک حادثات کے دوران ماں بیٹی سمیت 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، تفصیل کے مطابق چیچہ وطنی کے چک 168/9کا ایک خاندان شادی کی شاپنگ کرنے کیلئے فیصل آباد جا رہا تھا سمندری کے قریب رجانہ روڈ پر فورٹ عباس سے آنے والی بس نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی جس سے کیری ڈبہ میں سوار ڈرائیور محمد احسان دو بھائی احمد، عثمان اور ان کی والدہ پروین بی بی مو قع پر جاں بحق، ایک بہن اقراء اور بھائی عبداﷲ شدید زخمی ہو گئے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی میتیں تحصیل ہسپتال سمندری پہنچا دی گئیں، معلوم ہوا ہے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے احمد کی تین روز بعد شادی تھی جس کی شاپنگ کے سلسلہ میں خاندان فیصل آباد جا رہا تھا۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد احمد، عثمان اور ان کی والدہ پروین کی میتیں جب ان کے آبائی گائوں چک 168/9 ایل پہنچیں تو کہرام مچ گیا جبکہ جاں بحق ڈرائیور احسان کی میت چک 27/11 ایل پہنچا دی گئی۔ وہاڑی کے قریب بورے والا سے لڈن جانے والا ٹرک جب 461 ای بی کے قریب پہنچا تو دو تیز رفتار موٹر سائیکل سوار اوورٹیکنگ کرتے ہوئے اسکے سامنے آ گئے جنہیں بچانے کی کوشش میں ٹرک ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ سکا اور موٹر سائیکلوں سے ٹکرانے کے بعد سڑک کنارے ایک ہوٹل میں گھس گیا جسکی زد میں آ کر ہوٹل میں موجود محمد رمضان سکنہ معصوم شاہ روڈ اور ہوٹل مالک عبدالستار سکنہ گاہی شاہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ موٹرسائیکل سواروں سمیت6افراد شدید زخمی ہو گئے۔ چنیوٹ میں موٹر سائیکل کے ویل میں دوپٹہ پھنسنے سے بیوی جاں بحق، خاوند دو معصوم بچوں سمیت زخمی ہو گیا، مبین سکنہ چک نمبر 64 سلانوالی سرگودھا اپنے رشتہ داروں سے بھوآنہ میں ملنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر واپس جا رہا تھا راجہ آباد بھوآنہ کے قریب اس کی بیوی اقراء کا دوپٹہ موٹر سائیکل کے ویل میں پھنسنے سے گر کر موقع پر جاںبحق ہو گئی جبکہ دوبیٹے چار سالہ علی اور آٹھ سالہ بیٹا سبحان اور خاوند مبین بھی زخمی ہو گیا۔ کلرکہار کے گائوں کھڈواں میں ماں اور بیٹی کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا جس کے نتیجے میں 50 سالہ ماں مہر بی بی اور اس کی 24 سالہ بیٹی ذوالقرنین موقع پرہی جاں بحق ہو گئیں۔ دریں اثنا گزشتہ صبح گوجرانوالہ بہاری کالونی کا محنت کش بتیس سالہ صیام اپنے ساہیوال کے دوست چوبیس سالہ وسیم کے ہمراہ داتا دربار سلام کرکے موٹر سائیکل پر واپس گوجرانوالہ آرہے تھے موڑ ایمن آباد کے نزدیک تیز رفتاری کے باعث اُنکی موٹر سائیکل ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور دونوں لاہور کی جانب جانے والی سڑک پر گرگئے ،جہاں تیز رفتارکار نے اُنہیں بُری طرح کچل دیا صیام موقع پر دم توڑ گیا جبکہ وسیم گوجرانوالہ سول ہسپتال میں اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔ایمن آباد پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں نعشیں لواحقین کے حوالے کردیں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن