دبئی (آئی این پی) سربراہ آل پاکستان مسلم لیگ و سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ خواجہ آصف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، انہوں نے غلط وقت پر ایسا بیان دیا، عجیب وزیردفاع ہیں جو اپنی فوج کے خلاف بولتے ہیں، سویت یونین کے خلاف مجاہدین کو لایا گیا تھا ان کے خلاف لڑنا ہمارے حق میں تھا، حکومتی پالیسیاں موقع کے حساب سے بنتی اور ختم ہوتی رہتی ہیں ، ہمیں مجاہدین اور دہشت گردوں میں فرق کرنا ہوگا، پانامہ کیس میں ججز پر بہت پریشر ہے ، نواز شریف بری نہیں ہونگے، بھارت کا ارادہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے وہ افغانستان سے دہشت گرد بھیجتا ہے ، ہمیں بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے ، جنگ دونوں ملکوں کیلئے نقصان دہ ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کو کھوکھلا کرنے والے اصل دہشت گرد ہیں ، فوجی عدالتوں پر مفادات کی سیاست ہو رہی ہے ۔ نوازشریف نے مجھ سے فوجی عدالتیں بنوائی تھیں ، ان لوگوں کو صرف سیاست عزیز ہے۔ سیاسی عناصر کا دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ ہے ، فوج کو سیاسی معاملات میں کم سے کم ملوث کرنا چاہیے ، رینجرز اور ایف سی کو زیادہ طاقتور کرنا چاہیے۔ مزید برآں اوکاڑہ میں پارٹی رہنما سجاد کاظمی کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے، نواز شریف کو صرف اپنی کرپشن بچانے کی فکر ہے ملک کی نہیں۔ پاکستان آنا چاہتا ہوں لیکن جعلی کیسز میرے آڑے آ رہے ہیں۔