زرداری گھر کے ’’کنٹرول روم‘‘ میں سینٹ کی صورتحال کو مانیٹر کرتے رہے

Mar 13, 2018

اسلام آباد (عترت جعفری) پی پی پی پی کے چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری جو اب اسلام آباد سے کراچی جا چکے ہیں گزشتہ روز اسلام آباد میں واقع اپنے گھر کی بالائی منزل پر اپنے گوشہ تنہائی میں سینٹ کی صورتحال کو مانیٹر کرتے رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے گزشتہ روز چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد بیدار ہوکر گھر کی زیریں منزل پر آ گئے اور معمول کی سیاسی ملاقاتیں کی۔ نوید قمر اور دیگر پی پی پی رہنما ’’زرداری ہاؤس‘‘ آتے رہے اور رخصت ہوتے رہے جبکہ آصف علی زرداری بالائی منزل پر اپنے کنٹرول روم ہی میں رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے سینٹ الیکشن میں پیر کی صبح ووٹنگ کے آغاز تک اتار چڑھاؤ آتا رہا ۔ آصف زرداری اپنے کنٹرول روم سے ہدایات دیتے رہے۔ زرداری نتائج کا علم ہوتے ہی گھر سے نکلے اور عازم کراچی ہو گئے۔ پارٹی امیدوار کی کامیابی پی پی پی کے لئے ریلیف ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کسی بھی مرحلہ پر میاں رضا ربانی کو نامزد کرنے کی سوچ موجود نہیں تھی۔ نومنتخب چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی جب ملنے آئے تو بلاول بھٹو نے انہیں اپنے ہاتھ سے مٹھائی کھلائی۔ سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے منصب پر پارٹی امیدواروں کی کامیابی پر خوشی سے سرشار جیالے مٹھائی کے ٹوکرے لے کر ’’زرداری ہاؤس‘‘ پہنچ گئے۔ ’’زرداری ہاؤس‘‘ پر مٹھائی کے ٹوکروں کا ڈھیر لگ گیا۔

مزیدخبریں