اسلام آباد(اے این این ) سینٹ کے اجلاس میں رضا ربانی کا زبردست خیر مقدم کیا گیا۔سابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا رول آف ممبرز پر دستخط کیلئے نام پکارا گیا تو تمام ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا بھرپور خیرمقدم کیا۔ رول آف ممبرز پردستخط کے بعد میاں رضا ربانی جب واپس اپنی نشست پر آئے تو حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے باری باری جا کر ان سے مصافحہ کیا اور انہیں ایوان بالا کا دوبارہ رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے ملاقات کی ، جس میں چیئر مین سینٹ اور ڈپٹی چیئر مین کے انتخاب کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سابق سینٹ چیئرمین رضا ربانی کی جانب سے ایوان کو احسن طریقے سے چلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ پارٹی نے چیئرمین سینٹ بنایا تھا میں نے اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق ادا کی ۔