مریدکے، ظفر وال میں 6 اور 7 سالہ بچیاں زیادتی کے بعد قتل

Mar 13, 2018

ظفروال‘ فیروزو الا‘ مریدکے‘ رائے ونڈ‘ چناب نگر‘ نارنگ منڈی‘ بہاولپور‘ مردا ن (نامہ نگاران) ظفروال میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا جبکہ مریدکے میں بھی 6 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ ظفروال کے نواحی گائوں سورج چک کے راشد علی کی 7سالہ بیٹی زینب شام سات بجے گھر سے باہر نکلی توگھر واپس نہ آئی۔ والدین نے تلاش کیا مگر کوئی سراغ نہ ملا۔ رات گئے نزدیکی کھیتوں، اجاڑ جگہوں پر ڈھونڈنے پر سراغ نہ ملنے پر گائوں کے لوگوں نے راشد علی کے نزدیکی گھروں کی تلاشی کا فیصلہ کیا تو راشد علی کے گھر سے چند فرلانگ پر واقع اقبال عرف جبرو کے گھر میں پیٹی سے بچی کی برہنہ حالت میں ہاتھ پائوں بندھی نعش برآمد ہوئی، بچی کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کرنے کا بتایا جا رہا ہے۔ مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشان بھی پائے گئے۔ پولیس تھانہ لیسر کلاں نے نعش برآمد ہونے والے گھر سے عظمت بیگم، شمیم بی بی‘ماریہ‘ یاسر اور قیصر کو گرفتار کر لیا جبکہ سربراہ اقبال عرف جبرو گھر سے غائب ہے۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر شکرگڑھ بھیج دی۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ جس گھر سے بچی کی نعش برآمد ہوئی اس گھر کے مالک کا20 سالہ بیٹا قیصر عرصہ دراز سے گھر سے باہر نہیں نکلتا‘ وہ رات کی تاریکی میں گھر سے باہر نکلتا ہے اور اس کا ذہنی توازن بھی درست نہیں۔ واقعہ پر لوگوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ گائوں میں قیامت کا سماں ہے اور ہر چھوٹی بڑی آنکھ اشکبار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے شکر گڑھ میں بچی سے زیادتی اور قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچی پر ظلم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ کمسن بچی پر ظلم ڈھانے والے درندہ صفت افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔فیرزوالا سے قصبہ چوڑا (مریدکے) کے شاہد علی کی چھ سالہ بیٹی ایمان فاطمہ گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم افراد نے اسے اغواکر لیا اور مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور بچی کی شلوار سے اس کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کر دیا اور نعش قریبی کھیت میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ صدر مریدکے پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال مریدکے بھیج دی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی مریدکے نے بتایا کہ زیادتی کے بارے میں ہم کچھ نہیں بتا سکتے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ ایمان فاطمہ کا باپ شاہد علی بیرون ملک سعودی عرب ملازمت کرتا ہے۔ علاوہ ازیں سمبڑیال میں 5 سالہ بیٹا ارسلان رضا کو سمیر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ چناب نگر میں ملزم جہانگیر نے بچے وفادار حسین سے زیادتی کر ڈالی جبکہ رضوانہ کو ملزم تجمل نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ نارنگ منڈی میں بھٹے وڈھ کے علاقے میں 8 سالہ احسن عرفان کو اوباش جاوید نے ہوس کا نشانہ بنایا۔ نارنگ منڈی میں بھٹے وڈھ کے علاقہ میں 8 سالہ احسن عرفان کو اوباش جاوید نے ہوس کا نشانہ بنایا۔ بہاولپور میں گونگی بہری 7 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزم گرفتار کر لیا گیا۔ مردان میں بھی گونگی بہری بچی 8 سالہ حسینہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ پولیس نے ملزم لقمان کو گرفتار کر لیا۔ رائے ونڈ میں بائی پاس بھچوکی میں قاری غلام مصطفی نے سپارہ پڑھنے آنے والی 7 سالہ نائلہ کو چھٹی کے بعد گھر کے کام کاج کے بہانے روک لیا اور زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور فرار ہو گیا۔ کراچی پولیس نے 9 سالہ بچی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ گل رعنا سوسائٹی میں تین کم عمر لڑکے 9 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کر رہے تھے۔ تین لڑکوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ہری پور میں نواحی علاقہ بیڑ کی حدود ڈالڑی میں 11 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کیس میں نامزد ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ مردان کے علاقہ تمبولک میں چند روز قبل بے رحمانہ طریقے سے قتل کئے گئے 6 سالہ بچے کی فرانزک رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔ پولیس نے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں سمبڑیال کے نواحی علاقہ جیٹھی کے رہائشی پرویز اقبال کا 5 سالہ بیٹا ارسلان رضا کھیتوں میں بیہوشی کی حالت میں ملا جس نے ہوش میں آنے پر بتایا کہ سمیر سکنہ ناگریانوالہ نے میرے ساتھ زیادتی کی پولیس تھانہ سمبڑیال نے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ چناب نگر میں تھانہ محمد والا کے علاقہ موضع سرو و الاکی بلقیس بی بی نے پولیس کو بتایا کہ علی جہانگیر میرے بیٹے وفادار حسین کو بہانے سے فصلوں میں لے گیا اور اس سے زیادتی کرڈالی۔ پولیس نے میڈیکل لیگل کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ محمد والا موضع شیخن کے رستم علی کی بیٹی رضوانہ قریبی فصلوں میں رفع حالت کیلئے گئی پہلے سے چھپے تجمل نے رضوانہ کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ساتھی پہرہ دیتا رہا۔ گجرات کے سلطان پورہ کی لڑکی کے ساتھ زیادتی کرنے پر پولیس تھانہ سول لائن نے ملزم کاشف کاشی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

مزیدخبریں