ملک کے تمام سٹیڈیمز میں عالمی کرکٹ کی بحالی پی سی بی کی اولین ترجیح ہے: نعمان بٹ

Mar 13, 2018

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کا کراچی میں میچز کھیلنے پر رضامندی کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف کی فتح ہے۔ کراچی کے بعد ملک کے دیگر سٹیڈیمز کو بھی آباد کریں گے۔ مستقبل میں راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور کے سٹیڈیمز میں بھی انٹرنیشنل میچز کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گا۔ پی سی بی نے ٹیسٹ سنٹرز میں سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کا کریڈٹ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو جاتا ہے۔ انہوں نے دن رات اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے محنت کی۔ دنیا کو قائل کرنا آسان کام نہ تھا۔ گزشتہ سال ہم نے پی ایس ایل فائنل، ورلڈ الیون اور سری لنکا کے خلاف کھیلے جانیوالے میچز کی میزبانی کی اب کراچی میں سپر لیگ فائنل کے بعد ویسٹ انڈیز کے میچز سے کراچی کے شائقین کرکٹ کا احساس محرومی بھی ختم ہو گا اور دنیا کے سامنے ملک کے محفوظ ہونے کا تاثر بھی مضبوط ہو گا۔ ملک کے تمام سٹیڈیمز میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہمیں صرف لاہور میں میچوں کی میزبانی پر خاصی تنقید برداشت کرنا پڑی لیکن ناقدین حقائق اور ضروریات سے بے خبر تھے ہم نے بہترین وقت پر کراچی میں میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں صوبائی حکومت، مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھرپور تعاون کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سب کی مشترکہ کاوشوں سے ہی ہم ملک میں کرکٹ سٹیڈیمز کو آباد کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں پاکستان سپر لیگ کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہم نے مشکل صورتحال میں کم وقت میں بی کامیابیاں حاصل کی ہیں ان کامیابیوں کا کریڈٹ پی سی بی کے چئیرمین نجم سیٹھی کو جاتا ہے۔ انہیں گورننگ بورڈ کے اراکین کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

مزیدخبریں