سینٹ الیکشن میں درپردہ قوتوں نے کھیل کھیلا: حمزہ شہباز

Mar 13, 2018

مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ) ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی، ہمارا منشور عوام اور پاکستان کی خدمت ہے، پنجاب میں گڈگورننس کی مثالیں دی جاتی ہیں۔ اس کے برعکس سندھ اور کے پی کے میں عوام رل رہے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں شیر کی کامیابی یقینی ہے۔ سینٹ انتخابات میں درپردہ قوتوں نے اپنا کھیل کھیلا‘ ہم جمہوریت کے پاسدار ہیں اور جمہوری عمل کو ہی تقویت دیں گے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف پر جوتا اچھالنا اور خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنا نہ صرف جمہوریت بلکہ معاشرے کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ عدم برداشت ایک ناسور ہے۔ جمہوریت کاحسن ہے کہ ہم دوسروں کی خدمت کریں۔ انشااللہ 2019ء کہ انتخاب میں تعمیر وطن میں کاموں اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے۔ جبکہ حمزہ شہباز نے مدینہ میں مسجد نبویؐ میں نمازیں ادا کیں اور روضہ رسول پر صلٰوۃ وسلام پڑھا اور ملک و قوم کیلئے دعا بھی کی۔ ملک اکرم اعوان‘ علی اکبر‘ ملک الہی‘ جاوید اختر‘ سردار یاسر خلیل سدھن‘ فہد جاوید‘ طلال جاوید اور صغراں بی بی بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں