اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ سے 25 اپریل تک رپورٹ طلب کر لی ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کے عدالتی حکم پرعملدرآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کی جانب سے آصف ممتاز ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ کالعدم تحریک جعفریہ کی بنیاد پر علامہ امین شہید کا نام 2006ء سے فورتھ شیڈول میں شامل ہے حالانکہ ان کا تحریک جعفریہ کے ساتھ کبھی کوئی تعلق نہیں رہا ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے 21 نومبر 2016 کو علامہ امین شہیدی کا نام فورتھ شیڈول سے نکالنے کا حکم دیا تھا لیکن ابھی تک ان کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے۔ درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔