لاہور،اسلام آباد ( این این آئی ) وفاقی وزیر طلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں نوازشریف کی صحت کے معاملے کواپنے سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ہتھیار کے طورپراستعمال کرتے ہوئے موجودہ حکومت پردبائوڈال رہی ہیں،(ن) لیگ کا پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے تگ و دو کرنا دونوں جماعتوں کے لئے سیاسی دھچکا ہے ۔ نجی ٹی وی سے انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کے نوازشریف کے پاس دوہی راستے ہیں ایک صورت یہ ہے کہ وہ عدالت سے ضمانت کرائیں اور دوسری صورت یہ ہے کہ وہ قومی احتساب بیورو سے پلی بارگین کیلئے رجوع کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان دوٹوک الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ نوازشریف ملک میں کہیں بھی علاج معالجے کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔انہوں نے مسلم لیگ (ن)کی جانب سے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں پرحیرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں جماعتوں کے لئے سیاسی دھچکاہے۔ایک اور سوال پرانہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان مسلم لیگ (ن)کی تقسیم میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔علاوہ ازیں انا طولیہ نیوز ایجنسی کے ایڈیٹوریل بورڈ نے وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے ملاقات کی، وزیراطلاعات نے کہا کہ پاکستان ترکی کو ایک دوست تصور کرتا ہے، ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوئے ہیں ، وزیراطلاعات نے دونوں ممالک کے مابین صحافیوں کے وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا ۔ فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترک نیوز ایجنسی کے دفتر کا افتتاح خوش آئند ہے۔