ورلڈ کپ کا حصہ کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ

Mar 13, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد سمیت ورلڈ کپ کا ممکنہ حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ میں شیڈول عالمی کپ میں شامل تمام متوقع کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کے بجائے مکمل آرام دیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کچھ عرصہ قبل قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول پریس کانفرنس کے دوران تسلیم کرچکے ہیں کہ بہت زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے پلیئرز تھکاوٹ کا شکار ہیں۔ورلڈ کپ میں تازہ دم قومی سکواڈ کے حصول کے لیے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد سمیت بعض سینئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف یو اے ای میں شیڈول سیریز کے لیے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا ہے، مزید معلوم ہوا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کپ میں آرام دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کپ 5 اپریل سے 16 اپریل تک راولپنڈی میں کروائے جانے کا امکان ہے جب کہ ایونٹ کے فوری بعد سیزن کا آخری ٹورنامنٹ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو کھیلا جائے گا۔، قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ قومی کرکٹرز کو تازہ دم رکھنا چاہتی ہے۔

مزیدخبریں