سرکاری حج سکیم کیلئے قرعہ اندازی، ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کا اعلان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے سرکاری سکیم 2019ء کے تحت حج پر جانے والوں کے لئے قرعہ اندازی کر دی جس میں ایک لاکھ 7ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے قرعہ اندازی کا افتتاح کیا، جو مکمل طورپر کمپیوٹرائزڈ کی گئی۔ خوش نصیبوں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نورالحق قادری نے بتایا کہ مسلسل تین سال سے ناکام 12ہزار عازمین بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار پائے۔ 80سے 90سال عمر کے 2ہزار عازمین کی درخواستیں موصول ہوئیں، بزرگ خاتون عازمین کے ساتھ 2معاونین بھجوائے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت سب سے زیادہ پنجاب سے ایک لاکھ 8ہزار 6 درخواستیں آئیں جب کہ سندھ سے 49 ہزار 343، خیبر پی کے سے 40ہزار 752اور بلوچستان سے 10ہزار 258درخواستیں موصول ہوئیں ، کشمیر سے 2ہزار 316، فاٹا سے 4ہزار 314اور گلگت بلتستان سے 2ہزار 422درخواستیں آئیں ، وزارت مذہبی امور کے مطابق مجموعی طور پر 2لاکھ 16ہزار 623درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے مرد عازمین کی ایک لاکھ 23ہزار 700اور خواتین کی 92 ہزار 923درخواستیں ملیں،اس مرتبہ ایک لاکھ 84ہزار 270پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 7ہزار 526اور نجی سکیم کے ذریعے 71ہزار 684عازمین حجاز مقدس جائیں گے ۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات 4لاکھ 36ہزار 975روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کی قربانی کیلئے 19ہزار 451 روپے الگ ادا کرنا ہوںگے ۔

ای پیپر دی نیشن