کامیڈین امان اللہ کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائیگا: تعزیتی ریفرنس

Mar 13, 2020

لاہور ( کلچرل رپورٹر )کلچرل جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان اور لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام نامور کامیڈین امان اللہ خاں کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے خصوصی شرکت کی۔صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ امان اللہ خاں اپنے شعبے کے ہیرو،بے حد مخلص انسان تھے،حکومت فن اور فنکار کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھو س اقدامات کر رہی ہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمرااطہر علی خان نے کہا کہ ان کی کامیڈی فنکاروں کیلئے اکیڈمی کادرجہ رکھتی ہے۔ سٹیج میں نئی روایات متعارف کروائیں ۔ اداکار سہیل احمد نے کہا کہ امان اللہ خان نے ہزاروں سٹیج ڈراموں کو سپرہٹ کرانے میں اہم کردارادا کیا،موجودہ دور کے تمام کامیڈین ان کو اپنا استاد مانتے ہیں۔ان کے کام کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، ان کے نقش قدم پر چل کر درجنوں فنکاروں نے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ ان کی وفات سے طنزومزاح کی دنیا میں جوخلا پیدا ہوا ہے اسے مدتوں پرْ نہیں کیا جاسکے گا۔تقریب سے ذوالفقارزلفی،خالد بٹ، شاہد خان،شیبا بٹ،میگھا ،نور الحسن،پرویز رضا،جاوید کوڈو،منیر راج،عبداللہ چلی اور ناصر نقوی نے بھی خطاب کیا۔میزبانی کے فرائض شکیل زاہد نے انجام دئیے۔ شرکانے امان اللہ کے صاحبزادے امانت علی اور دیگر بچوں سے ان کے والد کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر امان اللہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ خالد عباس ڈار، سہیل احمد اور سی جے ایف پی کی جانب سے قرار داد پیش کی گئی کہ امان اللہ خان کے نام پر ’’اوپن ائیر تھیٹر باغ جناح کا نام’’ امان اللہ تھیٹر ‘‘ رکھ دیا جائے۔

مزیدخبریں