کورونا: سندھ کابینہ نے عوامی اجتماعات سے گریز کا مشورہ دیدیا

Mar 13, 2020 | 09:37

ویب ڈیسک

کراچی: سندھ کابینہ نے عوام الناس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوامی اجتماعات اور شادی بیاہ کی تقاریب سے گریز کریں۔ یہ مشورہ صوبائی کابینہ نے شہریوں کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر دیا ہے۔

سندھ کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذہبی تقاریب کا انعقاد ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ملنے والے اجازت نامے سے مشروط ہوگا۔ذرائع کے مطابق حکومت سندھ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے والے قیدیوں سے ملاقات کے لیے بھی ایڈوائزری جاری کرے گی جس پر عمل درآمد کے بعد ہی ملاقات ممکن ہوگی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں طے کیا گیا کہ عدالتوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں کے لیے بھی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل درآمد کرنے کی شرط لاگو ہو گی۔

حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے کے تمام اسکولوں کو بھی 30 مئی 2020 تک بند کرنے کے فیصلے کا اعلان کردیا ہے۔صوبائی حکومت نے اسی طرح نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مزیدخبریں