مریم نواز کون سی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہیں؟ فردوس عاشق اعوان کا سوال

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز سے سوال کیا ہے  کہ آپ کون سی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہیں؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز صاحبہ آپ کونسی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہیں؟ ضمانت ملنے کے باوجود ایسی کیا زنجیر ہے جس نے آپ کو جکڑا ہوا ہے؟
اپنے سوال کی وضاحت کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز زنجیریں توڑ کر اپنی آزادی کا اعلان کیوں نہیں کرتیں؟” صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں”۔

مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ایک بار پھر میڈیا میں آپ کی رونمائی صرف ذاتی درد کیلئے ہے ۔ وزیر اعظم  قوم کو آپ کے دیے ہوئے دکھوں اور دردوں کا مداوا بڑے احسن انداز سے کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو اب آپ مزید گمراہ نہیں کر سکتے ۔ عوام جانتے ہیں کہ جب بھی لیگی قیادت اقتدار سے محروم ہوئی ، انہوں نے پاکستان رہنا پسند نہیں کیا ۔
فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے شہریوں اور عوام سے زیادہ اپنے سوٹ کیسوں سے وفا کی جنہیں آپ ہمیشہ ساتھ لے گئے ۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے کئی مہینوں کی خاموشی کو توڑتے ہوئے کہا کہ، میں ذاتی معاملات کی وجہ سے پچھلے کچھ مہینوں سے خاموش رہی۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے بعد  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے بیان سے پیچھے ہٹانے کے لئے دھونس یا دھمکیاں کچھ نہیں کرسکتیں۔

ای پیپر دی نیشن