اے ٹی پی ٹور نے کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے چھ ہفتوں تک انٹرنینشل ٹینس ایونٹس منسوخ کردیئے

Mar 13, 2020 | 14:47

ویب ڈیسک

 کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے اے ٹی پی ٹور نے تمام کھیلوں کو چھ ہفتوں کےلئے ملتوی کر دیا۔دی ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) کے مطابق آئندہ اپریل کے آخر تک ٹینس کے کوئی بھی ٹورنامنٹس دنیا میں کہیں بھی نہیں کھیلے جائیں گے۔ مردوں کے اے ٹی پی ٹور اور اے ٹی پی چیلنجر ٹور سے متعلق تمام ٹورنامنٹ 27 اپریل تک منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ اے ٹی پی کے چیئرمین آندریا گاڈنزی نے کہا کہ ہمارے لئے کھیل کے ممبران کی جسمانی وذہنی صحت اور تندرستی قطعی ترجیح ہے اور اس وبائی مرض سے بچاﺅ کے لئے ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی پی کے علاوہ ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹس کم از کم پانچ ہفتوں تک نہیں کھیلے جائیں گے، اس کے علاوہ آئی ٹی ایف کے ایونٹس بھی 20 اپریل تک روکیں گے۔ انڈین ویلز اور فیڈ کپ فائنل کے التوا کے بعد میامی اوپن کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹس کی منسوخی کے بعد کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی پر معطلی کے اثرات پر غور کیا جائے گا۔

مزیدخبریں