کراچی ( نیوز رپورٹر)الخدمت کراچی کے شعبہ صحت کے تحت ملازمین کی اگہی کیلئے’’ انفیکشن کنٹرول‘‘ کے عنوان سے ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز ڈاکٹر نائلہ طارق نے کی ۔ورکشاپ میں الٹراساؤنڈ ،کو وڈ 19-،لیبارٹریز اور بلڈ بینکس کے ملازمین نے شرکت کی ۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہا کہ انفکیشن پھیلانے والے جراثیم سے بچاؤ نہایت ضروری ہے ۔یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم اپنے ہاتھوں ،چیزوں اور ارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں گے ۔احتیاط نہ برتی جائے تو انسانی آنکھ سے نظر آنے والے جراثیم انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الٹراساؤنڈ ،کو وڈ 19-،لیبارٹریز اور بلڈ بینکس کے ملازمین سمیت پورے ہیلتھ سیکٹر سے منسلک ملازمین کی یہ بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اورارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا بنائیں ۔ڈاکٹر نائلہ طارق نے کہا کہ الخدمت صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور اس کے شعبہ صحت سے منسلک لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سہولتوں کو اپنے ہیلتھ سنٹرز پر آنے والے لوگوں میں اچھے اخلاق اور برتاؤکے ساتھ پیش کریں ۔