آپ ﷺ وجودِ خلقِ کائنات کا سبب ہیں‘ڈاکٹر عمیر صدیقی

Mar 13, 2021

کراچی(نیوز رپورٹر) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام ایک روح پرور سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے حوالے سے واقعہ معراج کے مختلف پہلوئوں کو اجا گر کیا۔جب کہ محمود الحسن اشرفی نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا اور پروفیسر ڈاکٹرعمادالحق نے دعا کروائی۔جلسے میں چانسلر جاوید انوار، رجسٹرار سید سرفراز علی کے علاوہ اموبا کے عہدیداران اور ممبران سمیت طلبائ، اساتذہ و دیگر افراد کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے شعبہ اسلامک لرننگ کے پروفیسر اور معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عمیر محمود صدیقی نے سفرِ اسراء کے اسرار و رموز اوراس سے حاصل ہونے والے علوم جاننے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ معراج ہجرت سے ایک سال قبل واقع ہوا۔اللہ ہر نبی کو جو معجزہ عطا فرماتا ہے وہ ہر دور کے انسانوں کے لیے ایک پیغام رکھتا ہے اور اس معجزے کے ساتھ ایک نئے عہد کا آغاز ہوتا ہے۔حضرت دائود علیہ السلام کے دستِ مبارک میں اللہ نے لوہے کو نرم کردیا۔انسانیت کو سکھایا گیاکہ لوہے کو کس طرح نرم کرکے ذرہ اور اوزار بنائے جاسکتے ہیں۔ حضرت سلیمان علیہ السلام نے ہوا میں اڑ کر دکھایا کہ انسان ہوا میں اڑ سکتا ہے۔ یہ تمام انبیاء کے معجزات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس عہد سے انسان کو اللہ تبارک تعالیٰ علم و معرفت کے نئے دروازے کھول کر علم کی نئی راہ دکھا رہا ہے۔ حضور کا سفر اسراء اور معراج دنیا کو یہ درس بھی دیتا ہے کہ تم ذمین میں اپنی مسافت کے ذرائع تیز بھی کر سکتے ہو اور خلاء میں بھی سفر کر سکتے ہو۔ پروفیسر ڈاکٹر عمیر محمود نے کہا کہ بیت اللہ ہو یا مسجد اقصیٰ دونوں کی نگرانی اللہ کے آخری نبی کے پاس ہے۔ بیت المقدس اور بیت اللہ دونوں نسل پرستی کی بنیاد پر قائم ہونے والے مراکز نہیں ہیں بلکہ یہ اللہ کی عبادت کے مراکز ہیں۔جس شخص نے مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کی اللہ اسے ایک کے بدلے پچاس ہزار نمازوں کا ثواب عطا فرماتا ہے۔ حضور نے معراج میں اللہ کی ایک نہیں بلکہ بہت بڑی بڑی نشانیوں کو ملاحظہ فرمایا ہے۔

مزیدخبریں