قیام امن کیلئے عالمی ادارے انصاف کی بالادستی قائم کریں، ثروت اعجاز قادری

کراچی (نیوزرپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دنیا میں امن قائم کرنا ہے تو عالمی اداروں کو انصاف کی بالادستی قائم کرنا ہوگی، کشمیر و فلسطین اور شام میں مسلم نسل کشی بھارت اور اسرائیل کی کھلی دہشتگردی ہے۔ 70سال سے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے بھارتی دہشتگردی کے خلاف اقوام متحدہ کی خاموشی عصبیت اور تعصب پر مبنی انصاف کے قتل کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید قائدین کے مزارات پر فاتحہ خوانی کے بعد مرکز اہلسنت پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑینگے ، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے صدائے کشمیر ٹرین مارچ لاہور سے آج کراچی پہنچے گا۔ صدائے کشمیر ٹرین مارچ کا کینٹ اسٹیشن پر شاندار استقبال کرینگے، انہوں کا کہنا تھا کہ دنیا کشمیریوں کے مظالم پر افسردہ ہے، عالمی طاقتیں اور عالمی ادارے بے ہسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بھارتی جارحیت و دہشتگردی خطے کے امن کیلئے ہی نہیں بلکہ دنیا کے امن کیلئے بھی خطرناک ہے، انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایک طرف بھارتی فوج کے ذریعے مظالم اور مسلم نسل کشی کررہی ہے تو دوسری طرف جنونی ہندئوں کو مسلمانوں پر مظالم کا کھلا لائسنس جاری کیا ہوا ہے ،اقوام متحدہ اب بے بس ادارہ بن چکا ہے ایف اے ٹی ایف جیسے ادارے مسلمانوں کو دبائو میں رکھنے کیلئے بنائے گئے ہیں ،بھارت کی جنونیت کشمیر اور بھارت میں مسلم نسل کشی پر دنیا کا کوئی ادارہ کردار ادا نہیں کررہا ،سلامتی کونسل کے مبصر امن وفد کو کشمیر میں جانے کی بھارت اجازت نہیں دے رہا جبکہ کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر مسلمانوں کی نسل کشی اورخواتین وبچوں کے ساتھ دردناک سلوک کیا جارہا ہے ،اقوام متحدہ اپنی ہی قرار داد کی روشنی میں مسلمانوں کو حق خود ارادیت نہیں دلا سکتا تو ایسے ادارے کا وجود ہی ختم ہوجانا چاہیے ،کشمیریوں کو انصاف نہیں ملاتو اس کے بھیانک نتائج بھارت کے ساتھ پوری دنیا کو بھگتنا ہونگیں ، انہوں نے کہا کہ آج 13مارچ کو نشتر پارک میں ہونے والی جانثاران مصطفی کانفرنس میں عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر ہوگا۔#

ای پیپر دی نیشن