کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر محکمہ ورکس نے قائد آباد برج کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کے کام کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران قائد آباد برج پر مجموعی طور پر 60 فٹ ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل کئے جائیں گے، ترجمان بلدیہ عظمی کراچی علی حسن ساجد نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ قائد آباد پل پر ترقیاتی کام جاری ہونے کے باعث آمد و رفت کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں اور پل پر سے گزرتے ہوئے ترقیاتی کام جاری ہونے کے باعث احتیاط سے کام لیں۔ واضح رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے قائد آباد پل کے ایکسپینشن جوائنٹس کی خراب حالت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شبیہہ الحسن زیدی کو ہدایت کی تھی کہ ایکسپینشن جوائنٹس کی خستہ حالی کے پیش نظر انہیں فوری تبدیل کیا جائے تاکہ اس اہم پل سے گزرنے والی ٹریفک کو سہولت فراہم ہو سکے جس کے بعد اس پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور اسے دو ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا، قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ورکس کے تحت شہر کے دیگر پلوں اور فلائی اوورز پر بھی ایکسپینشن جوائنٹس کی مرمت و تبدیلی کا کام کیا جاچکا ہے جس کے لئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ جہاں بھی سڑکوں اور پلوں پر مرمت اور پیوندکاری کی ضرورت ہے اس کام کو تیزی سے انجام دیا جائے تاکہ شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے۔