چیئرمین سینٹ کا انتخاب‘جمہوریت کی کامیابی‘ حکومت:  پارلیمنٹ ہارگئی: اپوزیشن

لاہور (نیوز رپورٹر، نامہ نگار، خصوصی نامہ نگار) سینٹ چئیرمین کے الیکشن کو حکومت نے جمہوریت کی کامیابی جبکہ اپوزیشن نے جمہوریت اور جمہوری روایات کے منافی قرار دیا۔ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ایوان بالا کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کو ملنے سے حکومت مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اب تحریک انصاف کو اپنے ویژن کے مطابق قانون سازی کرنے میں آسانی ہوگی۔ وزیر زراعت  حسین  جہانیاں گردیزی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے  اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے سرکس لگانے کی ناکام کوشش کی‘ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی کامیابی ٹھگوں  کے ٹولے کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سینیٹر اعجاز احمد چودھری  نے  کہا کہ پی ڈی ایم کی چور اور کرپٹ قیادت میں اگر تھوڑی سے شرم و حیاء  باقی ہے تو  چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔  فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نانی‘ گیلانی اور مفاہمت کی سیاست کی پرنانی کو ہلکا ہلکا مزہ  تو آ رہا ہوگا۔ محمود الرشید نے کہا کہ صادق سنجرانی اور مرزا آفریدی کی کامیابی سینٹ  ارکان کا پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر اظہار اعتماد ہے۔ پارلیمانی  لیڈر پنجاب اسمبلی سید حسن مرتضیٰ  نے کہا کہ الیکشن سے قبل پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کا پکڑے جانا تشویشناک بات ہے۔ الیکشن کمشن خفیہ کیمروں کی تنصیب کے ذمہ داروں کیخلاف فوری طور پر ایکشن لے۔  جمعیت علماء اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ سینٹ  انتخابات میں پولنگ  بوتھ میں کیمرے نصب کرنا دن دیہاڑے دھند پیدا کرنے کی کوشش ہے۔  پرویز ملک‘  خواجہ عمران نذیر‘ عظمی بخاری نے فردوس عاشق کے بیان  پر ردعمل میں کہا کہ ریاست جیت گئی جمہوریت اور پارلیمنی ہار گئی۔

ای پیپر دی نیشن