لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں شرجیل خان کی واپسی ہوئی اور مزید نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں قومی سکواڈ کا اعلان کیا اور نئے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔قومی ٹیم دونوں دوروں میں 7 ٹی ٹونٹی، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈز 18،18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، 14 کھلاڑی دونوں فارمیٹ میں نمائندگی کریں گے۔ ٹیسٹ سکواڈ میں 20 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا اور ا 8 کرکٹرز تینوں فارمیٹ کیلئے سکواڈ کا حصہ ہیں۔دورہ جنوبی افریقہ میں3 ون ڈے میچزکرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ قومی سکواڈ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگا۔ 17 اپریل کو 3 ٹی ٹونٹی میچوں اور 2 ٹیسٹ میچوں کیلئے بلاوایو روانہ ہوگا، 12 مئی کو وطن واپس پہنچے گا۔جوہانسبرگ روانگی سے قبل قومی سکواڈ 19 مارچ سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کریگا اور کھلاڑیوں کی پہلی کروناٹیسٹنگ 16 مارچ کو متعلقہ شہروں میں ہوگی، 18 مارچ کو لاہور آمد پر دوسری کرونا ٹیسٹنگ ہوگی۔ قومی سکواڈ کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو لاہور میں ہوگی ۔ تربیتی کیمپ بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائیگا۔ نائب کپتان شاداب خان اور محمد حفیظ کی قومی سکواڈ میں واپسی ہوئی ۔ 31 سالہ شرجیل خان چار سال بعد جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔سلیکشن کمیٹی نے صوابی کے 20 سالہ فاسٹ باؤلر ارشد اقبال اور شمالی وزیرستان کے 19 سالہ محمد وسیم جونیئر کو بھی پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔محمد وسیم جونیئر نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ لاڑکانہ کے 22 سالہ فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی سکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ کامران غلام اور یاسر شاہ کی جگہ شاہنواز دھانی اور زاہد محمود کو شامل کرلیا گیا ہے۔یاسر شاہ بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ میچز کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
دورہ جنوبی افریقہ زمبابوے 32رکنی قومی سکواڈ کا اعلان شرجیل کی واپسی
Mar 13, 2021