احتساب عدالتوں کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا 

Mar 13, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت محمد بشیر نے مدت ملازمت مکمل ہونے پر چارج چھوڑ دیا ہے، جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کو 5نیب ریفرنسز سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا،اوگرا کرپشن، رینٹل پاور اور اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات سمیت درجنوں نیب ریفرنسز کی سماعت کر رہے تھے ۔اسلام آباد کی تینوں احتساب عدالتوں کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے مدت ملازمت مکمل ہونے پر 9 سال بعد عہدے کا چارج چھوڑ دیا ، انہیں 2012 میں تین سال کی مدت کیلئے احتساب عدالت کا جج تعینات کیا گیا،2015 اور 2018 میں دو مرتبہ مدت ملازمت میں تین تین سال کیلئے توسیع کی گئی۔ انہوں نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنائی جبکہ سابق صدر آصف زرداری کو ایس جی ایس، کوٹیکنا، اے آر وائی گولڈ، ارسس ٹریکٹر اور پولو گراؤنڈ ریفرنسز میں بری کیا اوگرا کرپشن، رینٹل پاور اور اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنسز کی بھی سماعت کر رہے تھے،انہیں پانامہ کیسز کی سماعت کے دوران دوسری مرتبہ تین سال کی مدت کے لیے توسیع دی گئی تھی۔پہلی مرتبہ آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران تین سالہ مدت میں توسیع ملی۔

مزیدخبریں