چینی سفیر کی اورنج لائن میٹرو ٹرین پروجیکٹ پر آمد، مختلف شعبوں کا معائنہ

Mar 13, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں چینی سفیر عزت مآب نوگ رونگ نے لاہور میں ڈیرہ گجراں کے مقام پر اورنج لائن میٹرو ٹرین ڈپو کا دورہ کیا۔ یہ پاکستان میں مکمل ہونے والا سی پیک کا پہلا پروجیکٹ ہے جس کے آپریشنل ہونے کے بعد کسی چینی سفیر کی جانب سے اس کا پہلی بار دورہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر نورنکو انٹرنیشنل کی سینئر مینجمنٹ نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور جہاں انہیں پروجیکٹ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرایا گیا۔ میٹرو ٹرین کے پاکستانی ڈرائیور سے بھی چینی سفیر نے اسکے دلچسپ تجربے کے بارے میں گفتگو کی۔ چینی سفیر نے اس پروجیکٹ کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا اور پوری ٹیم کو بھرپور خلوص اور عزم کے ساتھ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے اس پروجیکٹ میں شامل مقامی تکنیکی افراد کی بڑھتی ہوئی شرح، انکی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کے بعد ٹیم میں انکی شمولیت پر مسرت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نورنکو انٹرنیشنل کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر لی چن نے کہا، "پاکستان میں سی پیک کے پہلے پروجیکٹ میں چینی سفیر کی آمد پر ہم انتہائی خوش ہیں۔ یہ پروجیکٹ 26 اکتوبر 2020 کو فعال ہوا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پروجیکٹ ، پاک چین دیرینہ دوستی کی علامت ہے جو باہمی تعاون اور اشتراک کے ذریعے شاندار مستقبل کو قبول کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ نورنکو انٹرنیشنل کی طرف سے ہم پاکستان اور چین کے درمیان اچھے تعلقات میں وسعت لانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرنے اور پاکستان میں انجینئرنگ کی جدید ترین مہارت کو موثر انداز سے متعارف کرانے کے لئے پرجوش ہیں جس سے ملک کے سماجی و معاشی منظرنامہ کو جدید بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔" اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا پہلا فعال پروجیکٹ ہے۔ 26 اکتوبر 2020 کو افتتاح کے بعد سے اب تک ایک کروڑ سے زائد مسافر اورنج لائن میٹرو ٹرین کا سفر کرچکے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی شہریوں نے اس پروجیکٹ کو انتہائی دلچسپی کے ساتھ قبول کرلیا ہے اور اپنے سفر کے لئے اسے روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیا ہے۔ اس جدید میٹرو ٹرین کے ذریعے ہزاروں مسافر بحفاظت، تیز رفتار اور کم لاگت کے ساتھ سفر سے مستفید ہورہے ہیں جبکہ اس میں کاربن کا کم سے کم اخراج ماحولیات کے لئے بھی سود مند ہے۔ 

مزیدخبریں