دورہ سائوتھ افریقہ و زمبابوے کیلئے قومی اسکواڈز کا اعلان، شرجیل کی واپسی

Mar 13, 2021

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 20رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں شرجیل خان کی واپسی ہوئی ہے اور مزید نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ۔قومی ٹیم دونوں دوروں میں مجموعی طور پر 7ٹی ٹوئنٹی،3 ون ڈے اور 2ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔دورے کے لیے اعلان کردہ قومی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے اسکواڈز میں 18، 18کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، جن میں 14کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں 20کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا اور ان میں سے 8کرکٹرز ایسے ہیں جو تینوں فارمیٹ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دورہ جنوبی افریقہ میں شامل 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، 13 مختلف ٹیموں کے درمیان جاری اس ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں براہ راست پہنچ جائیں گی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور 4ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے لیے قومی اسکواڈ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگا۔قومی اسکواڈ وہاں سے 17اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں اور 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے بلاوایو روانہ ہوگا، جہاں سے قومی اسکواڈ 12 مئی کو وطن واپس پہنچے گا۔ جوہانسبرگ روانگی سے قبل قومی اسکواڈ 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا اور کھلاڑیوں کی پہلی کووڈ-19 ٹیسٹنگ 16 مارچ کو متعلقہ شہروں میں ہوگی، پھر 18 مارچ کو لاہور آمد پر ان کی دوسری کووڈ-19 ٹیسٹنگ ہوگی۔بعد ازاں قومی اسکواڈ کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو لاہور میں ہی ہوگی جبکہ اسکواڈ کا یہ تربیتی کیمپ بھی بائیو سیکیور ماحول میں لگایا جائے گا۔محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان اور مڈل آرڈر بلے باز محمد حفیظ کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے اور دونوں کھلاڑی جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ قومی اسکواڈ میں 31 سالہ شرجیل خان بھی چار سال بعد جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ شرجیل خان نے ڈومیسٹک سیزن میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں 233 رنز بنائے او پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے التوا سے قبل کھیلے گئے 14 میچوں میں 200 رنز بنائے اور سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلیبازوں میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے صوابی سے تعلق رکھنے والے 20سالہ فاسٹ بالر ارشد اقبال اور شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ محمد وسیم جونیئر کو بھی پہلی مرتبہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ارشد اقبال نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 10 اور ون ڈے میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر نے ون ڈے میچوں میں 7 جبکہ پی ایس ایل 6 میں 4 وکٹیں اپنے نام کیں اور اچھی بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ قومی سلیکٹرز نے ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی ایک نیا چہرہ شامل کیا ہے جہاں لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ فاسٹ بالر شاہنواز دھانی نے اپنے ڈیبیو سیزن میں 26 وکٹیں حاصل کرکے سلیکٹرز کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی ہے اور قومی اسکواڈ کا حصہ بنگئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں 20رکنی اسکواڈ میں کامران غلام اور یاسر شاہ کی جگہ شاہنواز دھانی اور زاہد محمود کو شامل کرلیا گیا ہے۔ یاسر شاہ بائیں گھٹنے کی انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں