پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دورحاضرکی حربی کامیابی، موثر جنگی بصارت اورفیوژن پرمنحصرہے، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نتائج حقیقی صورتحال کے تناظر میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ تربیت کا مظہرہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ہفتہ کو ائیر پاور سنٹر آف ایکسلینس میں منعقدہ 54ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجوایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائر چیف نے کہاکہ دورحاضرکی حربی کامیابی، موثر جنگی بصارت اورفیوژن پرمنحصرہے، ایئرپاورسینٹرآف ایکسیلنس اورکمبیٹ کمانڈرز اسکول مستقبل کی عسکری قیادت کی تربیت کے لیے بہترین اقدامات اٹھا رہے ہیں، دشمن کی حربی قوت کا مکمل ادراک اوراس کی چالوں سے مکمل آگاہی ہونی چاہئیے۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے اس بات پر اطمینان کااظہار کیا کہ ائیر پاور سنٹر آف ایکسلینس بالعموم اور کمبیٹ کمانڈرز سکول بالخصوص مستقبل کی فوجی قیادت کو تربیت دینے کیلئے ترقی کی جانب ایک درست سمت ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کورس کے گریجویٹ ہونے والے آفیسرزکوٹرافی اور اسناد سے نوازا، کمبیٹ پائلٹس کی چیف آف دی ایئراسٹاف ٹرافی ونگ کمانڈر وحید ظفر نے حاصل کی۔ کمبیٹ کنٹرولرز کی ایئر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈرعلی احمد نے حاصل کی۔
دورحاضرکی حربی کامیابی، موثر جنگی بصارت اورفیوژن پرمنحصرہے.ائیرچیف
Mar 13, 2021 | 22:01