سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کیلئے حکومت آج بھی قانون سازی کے لیے تیار ہے: چوہدری محمدسرور

Mar 13, 2021 | 22:53

ویب ڈیسک

گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے آئندہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کیلئے حکومت آج بھی قانون سازی کے لیے تیار ہے۔صادق سنجرانی مکمل طور پرشفاف طر یقے سے چیئر مین سینیٹ بنے ہیں۔پی ڈی ایم چیئر مین سینیٹ کے الیکشن کے معاملے پر کسی بھی فورم پرجانا چاہتی ہے تو بے شک چلی جائے۔بدقسمتی سے پاکستان میں سیاسی جماعتیں صرف وہ الیکشن اور فیصلے ہی تسلیم کرتیں ہیں جو ان کے حق میں آتے ہیں۔کسی کے خلاف فیصلہ آجائے تو عدالتوں پر تنقید شروع کر دی جاتی ہے۔وہ ہفتہ کے روز گور نر ہاؤس میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے منعقدہ تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقعہ پر گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور،نامور گلوکارہ حمیراارشد اورماضی کی نامور اداکارہ نشو بیگم سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کثیرتعداد میں موجود تھیں۔میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرورنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کو بار بارکہتے رہے ہیں کہ سینیٹ الیکشن کیلئے اوپن بیلٹ کا طر یقہ کار اختیار کرلیا جائے مگرا پوزیشن اس کی شدید مخالفت کرتی رہی جس کی وجہ سے اب چیئر مین سینیٹ کے الیکشن کے بعد بھی سیاستدان ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک سینیٹ انتخابات کے لیے اوپن بیلٹ نہیں ہوگی سینیٹ الیکشن کیلئے اسی طر ح منڈیاں لگتی رہیں گی اورالیکشن بھی متنازعہ ہوتے رہیں گے۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اپوزیشن ضد اور انا کی سیاست چھوڑ دے اور آئندہ کے لیے سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹ کے لیے قانون سازی کے لیے حکومت سے مذاکرات کر ے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم قانون سازی کے لیے تیار ہیں اور جب سینیٹ انتخابات شفاف ہوں گے تواس سے صرف سینیٹ ہی نہیں جمہوریت بھی مضبوط ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ تحر یک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کیا ہے اور اگر چیئر مین سینیٹ کے الیکشن کے حوالے سے کسی بھی عدالت سے کوئی فیصلہ آئے گا تو یقینی طور پر سب اس کا بھی احترام کر یں گے مگر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ صادق سنجرانی آئین وقانون کے مطابق اور شفاف طر یقے سے ہی چیئر مین سینیٹ منتخب ہوئے ہیں اور اپوزیشن کو بھی شورمچانے کی بجائے کھلے دل سے ان نتائج کو تسلیم کر لینا چاہیے۔ تقریب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ماضی کی حکومتیں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے بڑے بڑے دعوے کرتیں رہی ہیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے خواتین کو روزگار کے مواقعے فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں ان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے ہیں جس کی وجہ سے آج تعلیم سمیت ہر شعبے میں خواتین مردوں سے آگے بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ خواتین کی مضبوطی کے بغیرکسی بھی ملک کی مضبوطی اور ترقی ممکن نہیں ہوسکتی اس لیے معاشر ے کے تمام طبقات کو چاہیے کہ وہ خواتین کو ان کے حقوق کی مکمل فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے.

مزیدخبریں