پارٹی فیصلوں کی پابندی نہ کرنے والوں کو اخلاقی طور پر استعفٰی دینا چاہئے : شاہ محمود 

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بیٹا حکومت یہاں موجود ہے پاکستان کے بہت سارے طالب علم بخیریت وطن واپس آچکے ہیں جو بقیہ رہ گئے ہیں ان کی بخیریت واپسی کیلئے یورپی یونین کے وزراء خارجہ سے رابطے میں ہیںاور انشاء اللہ بہت جلد ہمارے بچے پاکستان میں ہونگے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہندوستان کے طالب علموں کو پاکستانی بچوں کے ساتھ کھانا کھلایا اور ان کا خیال رکھا۔ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں پیسوں کے بیگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سنا ہے کہ بیگ اچھا ہے لیکن مجھے امید ہے ہمارا کوئی رکن اپنا سودا نہیں کرے گا ۔تحریک انصاف میں گروپنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجھے تحریک انصاف میں ترین اور علیم خان گروپ کہیں دکھائی نہیں دیتا ۔جو رکن 2018ء میں بلے کے انتخابی نشان پر منتخب ہوا وہ آئینی ‘ قانونی ‘ سیاسی اور اخلاقی طور پر پابند ہے کہ وہ پارٹی قیادت کے فیصلے کے مطابق چلے اور قانون سازی ودیگر معاملات میں بھی پارٹی کے فیصلوں کی پابندی کریں اگر کوئی رکن ایسا نہیں کرتا تو اسے اخلاقی طور پر استعفیٰ دیناچاہئے۔ ق لیگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہمیں یقین ہے ق لیگ تحریک انصاف کے ساتھ چلے گی۔ تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہو ںنے کہا قومی اسمبلی اجلاس بلانا سپیکر کا استحقاق ہے ۔تاہم میری خواہش ہے کہ اسمبلی کا اجلاس 22,23  مارچ کے بعد بلایا جائے کیونکہ تئیس مارچ کو پاکستان میں امت مسلمہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں شرکت کیلئے چھیالیس ممالک کے وزراء خارجہ نے اپنی آمد کی کنفرمیشن دے دی ہے باقی بھی کنفرمیشن موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ اجلاس خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان کی ایک نئی تاریخ رقم ہو نے جا رہی ہے۔ اس اجلاس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر بات چیت ہوگی۔ مجھے امید ہے اپوزیشن ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس اہم اجلاس کے انعقاد میں رخنہ نہیں ڈالیں گے۔ میں اپوزیشن قائدین سے التماس کرونگا کہ وہ قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ملتان سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈیہڑ کی ناراضگی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا احمد حسین ڈیہڑ ہمارے بھائی ہیں ان کی جائز باتیں توجہ سے سنی جائیں گی اور حل کی جائیں گی۔ ویڈیو پیغام ریکارڈ کرائے بغیر بھی مسئلہ حل ہوسکتے ہیں۔ وزیراعظم کی اراکین اسمبلی سے ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وزیراعظم اراکین صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی سے مل رہے ہیں ان کی آراء سن رہے ہیں‘ان کے تحفظات دور کررہے ہیں۔ لاہور اجلاس میں ملتان سے حاجی جاوید اختر انصاری نے جو موقف اختیار کیا مجھے اور تحریک انصاف کو ان پر فخر ہے۔ لاہور اجلاس میں اراکین اسمبلی نے یکجا ہو کر کہا کہ انہیں وزیراعظم پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور وہ جو فیصلہ کریں گے پوری پارٹی کو قبول ہوگا۔ 23  مارچ کو لانگ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا لانگ مارچ میرے علم میں نہیں اگر آپ کے علم میں ہے تو مجھے بھی بتا دیں میری معلومات میں بھی اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن