رحیم یارخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ضلع رحیم یارخان میں مرغی کی قیمتیں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔ضلع رحیم یارخان میں برائلر مرغی کی قیمتیں سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں، گوشت کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے سے سفید پوش طبقہ پریشان ہو گیا،گائے،بھینس اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں کے بعد اب مرغی کا گوشت بھی متوسط طبقہ کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے، پولٹری ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق ضلع رحیم یارخان سمیت پنجاب بھرمیں برائلر مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت 425 روپے فی کلو ہو چکی ہے ،خریداروں محمد رضوان،عباس علی،محمد ماجد،عبدالرحمن،رانا احمد،عدنان علی،مشتاق احمد و دیگر کا کہنا ہے کہ مرغی خریدنے آئے تھے، قیمت سن کر خالی ہاتھ جا رہے ہیں،دکانداروں محمد ایوب،خالد حسین،محمد خالد،محمد رمضان و دیگر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہوا ہے اور فروخت میں بھی واضح کمی آئی ہے،مرغی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ ضلعی انتظامیہ طلب اور رسد کو قرار دیتے ہیں۔