گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)جماعت رضائے مصطفے پاکستان کے زیراہتمام سید الشہد امام حسین رضی اللہ عنہ کی یاد میں آستانہ عالیہ قادریہ رضویہ زینت المساجد دارالسلام میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا پیر محمد دائود رضوی نے کہا کہ اسلامی سال کے آٹھویں مہینے شعبان المعظم کے حالات و واقعات میں ایک اہم واقعہ حضرت امام حسین کی ولادت بھی ہے۔ آپ 5 شعبان 4 ہجری مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے۔ امام حسین عبادت و ریاضت، صبر و توکل،علم وفضل، جود وسخاوت اور ایثار و استقامت میں اپنی مثال آپ تھے اور شہادت ایسی نصیب ہوئی کہ سید الشہدا کے لقب سے آپ ہمیشہ کیلئے معروف ومشہور اور امر ہوگئے۔ آپ کے نقش قدم پر چل کر ہم دین ودنیا میں کامیابی و کامرانی حاصل کرسکتے ہیں۔ صاحبزادہ محمد دائود رضوی نے کہا کہ حضرت امام حسین کی ولادت کی خبر رسول کریمؐ نے امام حسین کی ولادت سے پہلے ہی ارشاد فرما دی اور پھر امام حسین کا نام بھی رسول کریمؐ نے رکھا اور آپ کے منہ میں اپنا لعاب دہن بھی ڈالا۔
امام حسینؓ عبادت و ریاضت، صبر و توکل میں اپنی مثال آپ تھے: دائود رضوی
Mar 13, 2022