نیشنل ایس ایم ای پالیسی: چھوٹے کاروبارکیلئے نوید بہار


 مکرمی! نیشنل ایس ایم ای پالیسی ۔ 2021ء وزارت صنعت و پیداوار کی سرکردگی میں سمیڈاکی چار سالہ ورکنگ اور یو ایس اے آئی ڈی کی تکنیکی معاونت سے تشکیل دی گئی ہے۔ اس پالیسی میں وہ تمام تر سہولتیں اور مراعات شامل کر دی گئی ہیں۔ جن کامطالبہ ایس ایم ای سیکٹر نصف صدی سے کر رہا تھا اور اس میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لئے مختصر مدت اور درمیان مدت سے طویل مدت تک کے ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔اس پالیسی میں ایس ایم ایز کی مالیاتی وسائل تک آسان رسائی‘ ریگولیشن اور ٹیکسوں کے بوجھ میں کمی اور ان کے ادائیگی کے عمل کو سادہ بنانے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان سے ایس ایم ایز کو دیرپا تقویت ملے گی اور انہیں اراضی کے حصول میں درپیش روائتی مشکلات سے بھی نجات مل جائے گی۔ اس کے علاوہ پروکیورمنٹ اور ای کامرس کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی میں بھی اس ایم ایز کو ایک وسیع میدان میسر ہوگا۔ اب ایس ایم ایز آسان ایس ایم ای فنانسنگ پروگرام کے تحت آسانی سے کو لیٹرل فری قرضے مل سکیں گے۔ ساف سکیم کے تحت 30 ہزار ایس ایم ایز کو 1 کروڑ روپے تک کے کو لیٹرل فری قرضے مل سکیں گے اور یہ قرضے روائتی شرائط کے علاوہ اسلامی شرعی اصولوں کے مطابق بھی دستیاب ہوں گے اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ نقصان کی صورت میں 40 سے 60 فیصد تک کا رسک حکومت برداشت کرے گی۔ ایس ایم ایز کی مالیاتی رسائی کو مزید فروغ دینے کے لئے وینچرکیپیٹل سیکٹر اور پاکستان کریڈٹ گارنٹی کمپنی کی مشاورت سے مزید تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ اب ایس ایم ایز کے لئے درکار سرکاری اجازت ناموں کے مقررہ مدت کے اندر اجرا کے ساتھ این او سی فری‘ خود تشخیصی اور الیکٹرانک انسپکشنز پر مبنی نظام شروع کیا جا رہا ہے۔ ایس ایم ایز کے لئے ٹیکسوں میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ ٹیکس افسروں کے آڈٹ اور ہراسگی جیسے صوابدیدی اختیارات کو ختم کیا جا رہا ہے اور ٹیکسوں کے گوشوارے جمع کرانے کے نظام کو بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔ ایس ایم ایز کی سرٹیفکیشن سے وابستہ امدادی پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ رچنا اور بن قاسم انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایس ایم ایز کے لئے کوٹے مختص کئے جا رہے ہیں۔ ایس ایم ایز کی تجارتی میلوں اور تجارتی وفود میں شمولیت کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ای کامرس کے آگاہی پروگراموں‘ تربیت کاری اور دیگر سہولتوں تک ایس ایم ایز کی رسائی کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔ ایس ایم ایز کی مدد کے لئے سمیڈا کے تحت ای کامرس سپورٹس پروگرام‘ ایس ایم ای میچنگ گرانٹ آن لائن ٹریننگ رجسٹریشن پورٹل اور ورچوئیل ایس ایم ای ہیلپ لائن کا اجرا کیا جا رہا ہے اور مختلف کاروبار شعبوں سے متعلق 250 سے زائد فیزیبلٹی سٹڈیز بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ یونیورسٹی اور ضلعی سطح پر ایس ایم ایز کے بزنس پلان کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے‘ جنہیں صوبائی اور وفاقی سطح پر وسعت دی جائے گی اور اچھے بزنس پلانز کی حوصلہ افزائی کے لئے قومی سطح پر ایک سالانہ تقریب منعقد ہوا کرے گی۔ جس میں منتخب پراجیکٹس کو 80 فیصدی میچنگ گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ (لیاقت علی گوہر لاہور)

ای پیپر دی نیشن