باکو (این این آئی)آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی باکو میں متعین ایران کے سفیر کوطلب کیا ہے اوران سے ایک ایرانی جنگی طیارے کی مبینہ طور پرآذربائیجان کی سرحد کے قریب پرواز اوراس کو عبور کرنے پراحتجاج کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی وزارت خارجہ اور دفاع کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی فوجی طیارے نے آذربائیجان اور ایران کی سرحد پر واقع آذری اضلاع زنگیلان اور بلاسووار کے درمیان مقامی وقت کے مطابق 9:44 سے 10:26 بجے تک پرواز کی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارہ وسط ایشائی ریاست کی سرحد سے تین سے پانچ کلومیٹر دور پروازکر رہا تھا،بعض مواقع پراس نے سرحد بھی پار کی اور آذربائیجان کی فضائی حدود میں دراندازی کی ہے۔آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج کے لیے ملک میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کیا ہے۔اگرچہ ایران کے سرکاری میڈیا نے اس طلبی کی اطلاع دی ہے لیکن تہران نے ابھی تک اس واقعہ پرکوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کے آزاد شدہ علاقوں کے قریب آدھے گھنٹے سے زیادہ عرصے تک فوجی طیارے کی پرواز ملک کے خلاف اشتعال انگیزی اورغیردوستانہ رویہ ہے۔ہم اس طرح کے اشتعال انگیزاقدام پرایرانی فریق کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مناسب وضاحت پیش کریں اور مستقبل میں اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات سے گریزکریں۔ان دونوں ممالک کے درمیان قریبا 700 کلومیٹر طویل سرحد ہے اور دونوں کے درمیان پیچیدہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔
ایرانی جنگی طیارے کی آذربائیجان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی،باکو میں سفیرطلب
Mar 13, 2023