کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحران ہے۔ ہمیں اپنی غلطیوں کا ادراک کرنا ہوگا۔ کراچی میں ری امیجنگ پاکستان کی تقریب سے مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم نے اس ملک میں بہت تماشے دیکھے ہیں۔ اس ملک سے نفرتیں ختم کرنی ہیں۔ ہمیں اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر کھل کر بات کرنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ملک نے ہمارے ساتھ اور دوسرے نے ہمارے بعد آزادی حاصل کی۔ آج دونوں ممالک ہم سے زیادہ ترقی کر چکے ہیں۔ مصطفی نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ آئین میں عوام کے حقوق کا ذمہ دار ریاست کو قرار دیا گیا ہے۔ آئین میں آزادی اظہار خیال کا حق دیا گیا ہے۔ سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں قانون بن چکا 18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی نہیں ہوسکتی۔ یہاں 18 سال سے کم عمر کی شادی کا قانون بننے لگے تو مہم شروع ہو جاتی ہے۔ 15 سے20 ہزار کمانے والا طبقہ ختم ہو چکا ہے۔ ہم سری لنکا نہیں‘ ملک ڈیفالت ہوا تو ویسا ہی ہوگا۔