سرینگر (اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اپنی فوجی طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کو فتح کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری آر ایس ایس کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنا شیطانی ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیریوں کا قتل، غیر انسانی اور ذلت آمیز تشدد، اندھا دھند گرفتاریاں، املاک کو ضبط کرنا، گھروں کو مسمار کرنا، ٹیکسوں کا نفاذ، کشمیری ملازمین کی برطرفی ،خواتین کی آبروریزی اور دیگر گھنائونے جرائم روز کا معمول بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کا سب سے زیاد فوجی جمائو والا علاقہ بنادیا ہے اور اس کی 10لاکھ سے زائد فوج ہر چیز کو روند رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی شناخت، ثقافت اور وسائل کو چھیننے کی بھی سازشیں کی جارہی ہیں اور 5 اگست 2019سے مودی حکومت ہر چیز کو تباہ کرنے اور کشمیر کو قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ لیکن پرعزم کشمیری ہندوتوا طاقتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بڑی ہمت، عزم اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
کشمیر