اسلام آباد‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے امریکی کانگریس مین اور خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے بعد اپنے بیان میں بریڈ شرمین نے کہا کہ پاکستانی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرے۔ ارشد شریف اور ظل شاہ کا قتل کسی طور بھی جمہوری ممالک کی روایت نہیں ان کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ بریڈ شرمین نے پاکستان پر بیان امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے رکن ڈاکٹر آصف کے ساتھ کھڑے ہو کر دیا۔ امریکی کانگرس رکن نے پاکستان میں جمہوری اقدار کی پامالی پر مذمتی بیان میں کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات پر امریکہ میں تشویش ہے۔ امریکہ پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہئے۔ خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن نے عمران خان کی تقریر پر پابندیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے‘ شہریوں کے اظہار و ابلاغ کے حق کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں انسانی حقوق کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت میں قطعاً دلچسپی نہیں۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے سے نہیں کترائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کیا جانا بھی حکومت پر لازم ہے، پاکستان میں زیرِ حراست تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ان اقدامات کی مذمت کی ہے، حکومت پاکستان کو انسانی حقوق کی ان پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے اور ذمہ داروں کا تعین کرنا چاہیے۔ بریڈ شرمین نے کہا کہ ’ہر کوئی ایک پرسکون‘ منظم‘ جمہوری اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتا ہے جہاں پاکستانیوں کو کھلے اور سیاسی مکالمے کی آزادی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) بھی ایک مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتا ہے جو قانون کی حکمرانی پر عمل پیرا ہو۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی‘ عدم برداشت اور اختلاف رائے پاکستان کے سماجی ہم آہنگی کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس پاکستان کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور انسانی حقوق کے حوالے سے حکومت کی کسی بھی قسم کی مدد کے لئے تیار ہے۔
بریڈ شرمین
پاکستان میں انسانی حقوق اظہاررائے کی خلاف وزیروں پر تشویش کاروائی کی جائے
Mar 13, 2023