لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر ) بھارت میں کھیلے جانیوالے آئی سی سی ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی سکیورٹی پر وفاقی حکومت کے تحفظات برقرار ، پی سی بی کو بھی میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے این او سی بھی جاری نہ ہوسکا ۔ رواں سال اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر وفاقی حکومت کے پاکستانی کرکٹرز کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے کسی بھی منصوبے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے این او سی بھی جاری نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پی سی بی کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ بھارتی مسلمانوں پر مظالم اور ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمان شہریوں کے خلاف دکھائی جانے والی نفرت کے پیش نظر پاکستانی کرکٹرز کا بھارت میں جانا اور کرکٹ کی سرگرمیاں ایک بڑا خطرہ مول لینے سے کم نہیں ہو گا۔ اس معاملے پر حکومت کو سنگین سکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔