مریم نواز کا رانا ثنائ‘ شیر علی کو اختلافات ختم‘ پارٹی کیلئے کام کرنے کا حکم


فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے ورکرز کنونشن ناکام ہونے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اس کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے اور فیصل آباد میں پارٹی کے متحارب دھڑوں کے باہمی اختلافات ختم کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ پارٹی کے سٹوڈنٹ ونگ ’’ایم ایس ایف‘‘ کو بحال اور فیصل آباد کی تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ایم ایس ایف کے یونٹس بنانے کی ہدایت کی۔ فیصل آباد شہر بھر میں تنظیم سازی کے لئے کیمپ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے ایم پی اے ایم این ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کو کیمپس کی نگرانی کرنے اور بوگس ممبرشپ کرنے کی حوصلہ شکنی کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے ورکرز کنونشن کے بعد رات فیصل آباد میں سابق سینیٹر فاروق خاں کی رہائش گاہ پر گزاری جہاں انہوں نے اہم پارٹی کارکنوں کو عشائیہ بھی دیا۔ گزشتہ روز مریم نواز نے فیصل آباد میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، تنظیمی عہدیداروں، یوتھ ونگ، خواتین ونگ اور سوشل میڈیا ٹیم کے الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کی۔ اس موقع پر مریم نواز نے ورکرز کنونشن کیلئے مناسب انتظامات نہ کئے جانے اور کنونشن میں خالی کرسیوں کے معاملے پر ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور ضلعی و سٹی عہدیداروں کی سخت سرزنش کی۔ اسی دوران فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کے طلبہ ونگ ’’ایم ایس ایف‘‘ کو بحال کیا جائے۔ مریم نواز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ خاں اور سابق مئیر چوہدری شیرعلی کی رہائش گاہ پر بھی گئیں اور دونوں کو باہمی اختلافات ختم کرنے اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے مل کر کام کرنے کا حکم دیا۔ اجلاسوں کے دوران مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور جیت کیلئے الیکشن میں اترے گی۔
ورکرز کنونشن ناکام

ای پیپر دی نیشن